سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری کے نوجوان غلام محی الدین نے یونین پبلک سروس کمیشن کے سول سروسز امتحان میں مسلسل دوسری بار کامیابی حاصل کر کے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ ان کی اس شاندار کامیابی پر نہ صرف ان کے اہل خانہ بلکہ پورے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔غلام محی الدین راجوری کے علاقہ بہروٹ کے رہنے والے ہیں اور انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم ہمالین اسکول راجوری سے حاصل کی۔ انہوں نے سال 2024 میں پہلی بار یو پی ایس سی سول سروسز امتحان کامیابی کے ساتھ پاس کیا تھا، جس کے بعد انہیں انڈین پولیس سروس (IPS) الاٹ کی گئی تھی۔ اس وقت وہ آئی پی ایس افسر کے طور پر اپنی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔خاندانی ذرائع کے مطابق غلام محی الدین نے اس سال دوبارہ یو پی ایس سی سول سروسز امتحان میں شرکت کی اور ایک مرتبہ پھر کامیابی حاصل کی ہے۔
ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ مسلسل دوسری بار اس مشکل ترین امتحان کو پاس کرنا ان کی محنت، لگن اور عزم کا نتیجہ ہے جس پر پورا خاندان فخر محسوس کر رہا ہے۔اگرچہ غلام محی الدین سے اس سلسلے میں براہ راست رابطہ نہیں ہو سکا، تاہم ان کے اہل خانہ نے بتایا کہ ان کی کامیابی کے پیچھے مسلسل محنت، نظم و ضبط اور اعلیٰ مقاصد کے حصول کا جذبہ کارفرما ہے۔اس موقع پر ہمالین ایجوکیشن مشن راجوری کی انتظامیہ نے بھی غلام مایا دین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں ادارے کا قابل فخر سابق طالب علم قرار دیا۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ غلام مایا دین کی کامیابی نہ صرف راجوری بلکہ پورے جموں و کشمیر کے لیے باعث فخر ہے۔