یواین آئی
غزہ// غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم سات فلسطینی ہلاک جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو گئے، مہلوکین میں تین خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔عرب میڈیا کے مطابق ایک حملہ رہائشی عمارت جبکہ دوسرا ایک شہری گاڑی پر کیا گیا، جس کے بعد علاقے میں شدید آگ بھڑک اٹھی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ رہائشی عمارت پر کم از کم چار میزائل داغے گئے۔محمود بصل، ترجمان غزہ سول ڈیفنس، نے بتایا کہ حملے کے وقت عمارت میں سیکڑوں افراد موجود تھے اور اسرائیلی فوج کی جانب سے کوئی پیشگی وارننگ نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں کئی افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔دوسری جانب بنیامین نیتن یاہو اور اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں القسام بریگیڈ کے اہم رہنما عزالدین الحداد کو نشانہ بنایا گیا، تاہم حماس کی جانب سے اس دعوے پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔یہ حملے یومِ نکبہ کے موقع پر کیے گئے، جب فلسطینی 1948ء میں لاکھوں فلسطینیوں کی بے دخلی کی یاد مناتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق غزہ میں جاری جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے مسلسل جاری ہیں اور گزشتہ چند ماہ کے دوران سیکڑوں فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔