سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی کہ عیدالاضحی کے پیش نظر تمام اقدامات کریں جن میں غذائی اجناس، بجلی ، پینے کا پانی، صحت وصفائی شامل ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ خصوصاً امور صارفین محکمہ سے تاکید کی کہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور چیکنگ سکارڈوں کے ذریعے زیادہ قیمتوں پر بھیڑ فروخت کرنے والوں کو باز رکھیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس سلسلے میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی جانی چاہئے تاکہ لوگوں کو کسی بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے تاجروں اور دکاندار برادری سے اپیل کی کہ وہ قیمتوںکو اعتدال پر رکھیں۔انہوں نے عیدگاہوں ، مساجد ، زیارتگاہوں اور خانقاہوں کے اردگرد صحت وصفائی کا خصوصی انتظام کرنے کی اپیل کی اورمعقول ٹرانسپورٹ کے انتظامات دستیاب رکھنے کی اپیل کی ۔اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے جموں وکشمیر کی عوام کو عید الاضحی کے مقدس موقع پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اُن کی خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ ایک تہنیتی پیغام میں بخاری نے کہاکہ عید الاضحی قربانی کا تہوار ہے جہاں ایک شخص کو اللہ تبارک وتعالیٰ کی رضا کیلئے اپنے عزیز مال کو قربان کرنا اور غرباء وضرورتمندوں کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا’’ عید الاضحی منانے کا اصل مقصد ضرورتمندوں کی مدد کرنا ہے ، جس کے بدلے اللہ تبارک وتعالیٰ ہماری زندگیوں میں بھی خوشی لائے گا۔پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم محمد یاسین نے عیدالاضحی کی تقریب سعید پر مسلم امہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے عید پیغام میں حکیم یاسین نے کہا کہ عیدالاضحی کی مقدس تقریب سنت ابراہیم علیہ کی تقلید ہے جس سے احکام الاہی کی پیروی میں ایثار و قربانی اور اطاعت و صلہ رحمی کے جذبات جسم و روح میں تازہ دم ھوتے ہیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ عیدالاضحی کی تقریبات مناتے وقت اپنے آس پاس غریبوں، محتاجوں ، یتیموں و نادار وں کو یاد رکھنا نہ بھولیں تاکہ خدا کا کوئی بندہ بھوکے پیٹ نہ سو جائے۔جمعیت اہلحدیث نے عوام سے کہا ہے کہ جن لوگوں کو قربانی کی سعادت حاصل ہورہی ہے ،وہ قربانی کے بعد ماحول کو صاف رکھنے کے لئے قربانی جانور کے فضلات اور آلائشوں کو سڑکوں پر ڈالنے سے اجنتاب کریں۔ایک بیان میں جمعیت نے صدر پروفیسر غلام محمدبٹ المدنی نے کہا کہ اچھے انداز میں مخصوص جگہوں پر اسے ٹھکانے لگانے کے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ عید سنجیدگی، سادگی اور متانت سے منائیں اسراف و تبذیر سے اجتناب کیا جائے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنے گرد و پیش کا جائزہ لیں بیواؤں ، یتیموں، مساکین ، معذروں ، ضعیفوں اور حالات و مصائب کے ماروں کی ایک بڑی تعداد کی دلجوئی اور اعانت حتی الوسع کریں۔پروفیسربٹ نے ملت اسلامیہ کے نام اپنے عید پیغام میں کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرینگر اور کارہامہ بارہمولہ میں تعمیر کئے جارہے ہسپتال بھی برملا اِسی حقیقت کا اظہار ہیں کہ جمعیت کو انسانی عقیدے کی بہتر صحت کے ساتھ ساتھ انسانی صحت کی تندرستی کی فکر بھی امن گیر ہے۔عوامی نیشنل کانفرنس کی صدرخالدہ شاہ نے عید اْلاضحی کے موقع پر عالم اسلام بالالعموم اور اہل کشمیر کو بالالخصوص مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ امید ظاہر کی کہ آنے والا وقت ایک ِراحت کا پیغام لے کر آئے۔حقانی میموریل ٹرسٹ کے سر پرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے کہاکہ ہے عید الاضحی کو جذبہ ایثار کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ پوری دنیا کے مسلمانوں کو انفرادی اور اجتماعی تکالیف سے نجات ملے، بالخصوص جموں و کشمیر اور اسکے عوام کی حفاظت فرمائے اور انسانیت کو کورونا وائرس کی وبا سے محفوظ فرمائے۔سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید عظیم متو نے اہل اسلام خصوصاً مسلمانانِ جموں وکشمیر کو عیدالاضحی کی مقدس اور بابرکت تقریب سعید پر صمیم قلب سے مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی ایثار اور جانثاری کا پیغام ہے اورمیری عوام خصوصاً صاحب ثروت لوگوں سے درخواست ہے کہ عیدِ قربان کے اس موقع پر قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کی جائے۔