راجوری//گمبھیر مغلاں میں نیشنل کانفرنس کارکنان کا اجلاس زیر صدارت ضلع صدر شفاعت خان منعقد ہوا ۔اس موقعہ پر پارٹی کے ضلع صدرشفاعت خان نے موجودہ مخلوط سرکار کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب سے سرکار اقتدار میں آئی ہے عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے کبھی طلاق تو کبھی رام مندر اور اب نیا مسئلہ کھڑاکر عوام کو تقسیم کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عبداللہ مرحوم نے ریاستی عوام کے لئے جو لڑائی لڑی تھی اور وہ اس میں کامیاب بھی ہوئے ، اب پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی مدد سے عوام سے ان کا حق چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 35Aاور دفعہ 370جو ریاست جموں وکشمیر کی شناخت بھی ہے اورجس کی بنیاد پر ہندوستان سے ریاست کا الحاق ہوا ہے، کو ہٹاکر یہاں کی خصوصی پوزیشن کو ختم کرنے کی مذموم کوشش جاری ہے ۔ انہوں نے پی ڈی پی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا ہوگیا تو سرکار یہ بھول جائے کہ ریاست جموں وکشمیر بھی کوئی ریاست تھی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے تشخص کو برقرار رکھا جائے اور عوامی مسائل کے ممکنہ حل کے لئے کوشش کی جائے نہ کے عوام سے ان کا حق چھین کرانہیں سڑکوں پر اترنے کے لئے مجبور کیا جائے ۔اجلاس میں فاروق عالم خان ، حافظ ظفر ، حاجی بشیر ، خادم مغل، نواز مغل ، چودھری لعل ، منیر خان ، اقبال خان ، چودھری لطیف ، زبیر خان ، رشید مغل وغیرہ بھی موجودتھے ۔