عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بی جے پی نے وزیر اعلیٰ کا مذاق اڑانے کیلئے آج اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس سے پوسٹر شائع کئے جن میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے بارے میں معلومات طلب کی گئیں اور دعویٰ کیا گیا کہ وہ”گزشتہ دس دنوں سے لاپتہ” ہے۔ پارٹی کی تنقید ان اطلاعات کے درمیان سامنے آئی کہ وزیر اعلیٰ ذاتی دورے پر جموں و کشمیر سے باہر ہیں ۔پوسٹروں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، نیشنل کانفرنس صدر فاروق عبداللہ نے بی جے پی پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے پاس “اس سے بہتر” کچھ نہیں ہے۔ “ان کی اپنی مہمیں ہیں، وہ جانتے ہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں، ہمیں ان کا جواب دینے کی ضرورت نہیں ہے،”۔فاروق نے جموں و کشمیر میں کانگریس کے ساتھ اتحاد میں پھوٹ پڑنے کی افواہوں کو بھی مسترد کردیا۔” میرے خیال میں یہ ہمارے دشمن ہیں جو یہ سب کہہ رہے ہیں۔ اتحاد ہے، کچھ نہیں ہو گا۔”عبداللہ نے کہا کہ پی ڈی پی والے وہ لوگ ہیں جنہوں نے یہ گندگی پیدا کی۔” انہوں نے آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کر دیا، ہماری ریاست کی تباہی کے ذمہ دار وہ ہیں، اب یہ شور مچا رہے ہیں، ان کا کیا کام؟ مجھے دکھ ہے کہ انہیں شرم نہیں آتی، وہ ہمیں تباہی کی طرف لے گئے اور اب ڈھول پیٹ رہے ہیں، انہیں پہلے اپنے اندر جھانکنا چاہیے کہ انہوں نے یہاں کے لوگوں کو کیا مصیبتیں پہنچائی ہیں۔”