جموں //ریاست جموں و کشمیر کے تینوں خطوں کی یکساں ترقی کیلئے علاقائی خودمختاری کے مواقف پر قائم رہتے ہوئے کانگریس سنیئر لیڈر شام لعل شرما نے عوام کو تلقین کی کہ وہ صوبہ جموں کو مذہبی و فرقوں کی بنیاد پر تقسیم کرنے والی طاقتوں سے ہو شیار رہیں ۔اکھنور میںنو منتخب سرپنچوں اور پنچوں کیلئے منعقد ہ ایک پروگرام کے دوران انہوں نے کہاکہ صوبہ جموں کی تعمیر و ترقی کیلئے علاقائی خودمختاری واحد حل ہے ۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ جموں کی عوام اور تمام سیاسی پارٹیوں کو چاہئے کہ وہ سیاسی مفاد کو الگ رکھتے ہوئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر علاقائی خودمختاری کیلئے حتمی لڑائی شروع کریں ۔انہوں نے کہاکہ صوبہ جموں کے سیاسی نمائندوں کو چاہیے کہ وہ کچھ مفاد پرست لیڈران کی جانب سے آپسی بھائی چارے کو خراب کرنے کیلئے کی جارہی کوششوں سے عوام کو بیدار کریں ۔انہوں نے گورنر انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی پشت پناہی والے لیڈران کی کسی بھی عہدے پر تعیناتی جمہوری عزم کیخلاف ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اس خطہ کی تعمیر و ترقی کیلئے یکجا ہو کر لڑائی شروع کی جائے تاکہ آئند ہ نسل کو ایک محفوظ مستقبل دیا جا سکے ۔