مینڈھر//گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر کے شعبہ اردو اور این ایس ایس یونٹ کے باہمی اشتراک سے’’عصر حاضر میںافکار سر سید کی معنویت‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ قومی اردو سیمینارکا انعقاد کیا گیا جس میں متعدد علمی و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔افتتاحی اجلاس کی صدارت پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر پروفیسر شبیر حسین شاہ نے کی جبکہ ڈاکٹر محمد لطیف میر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔پروفیسر قدوس جاوید سابق صدر شعبہ اردو کشمیر یونیورسٹی سرینگر مہمان خصوصی جبکہ ڈاکٹر سالک جمیل برار شعبہ اردو پنجاب یونیورسٹی پٹیالہ،پروفیسر اسد اللہ وانی اورپروفیسر مصرف حسین شاہ مہمانان ذی وقارکے طور پر پروگرام میں شریک ہوئے۔اس پروگرام کی شروعات تلاوت کلام پاک سے ہوئی ہے جس کے بعد پروفیسر قدوس جاوید نے ’’عصر حاضر میں فکر سر سید کی معنویت‘‘ کے حوالے سے عالمانہ خطاب کیا اور اپنے مخصوص انداز میں علی گڑھ تحریک کا پس منظر اور پیش منظر بیان کیا۔انہوں نے کہاکہ عصر حاضر میں فکر سر سید کو عام کرنے کی ضرورت ہے تا کہ سماج میں اعلیٰ انسانی اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔ان کاکہناتھاکہ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ نئی نسل میں وسیع القلبی ،کشادہ ذہنی اور وسیع النظری جیسی اقدار کو پروان چڑھایا جا ئے تا کہ ایک صحت مند ،معتدل ،انسان دوست اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر مبنی سماج معرض وجود میں آسکے۔شبیر حسین شاہ نے اپنے صدارتی خطبے میں کہا کہ نئی نسل کی ہمہ گیر ترقی کے لئے سر سید کے افکار کا مطالعہ نا گزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پروفیسر قدوس جاوید کے خطاب سے طلباء کو پیغام حاصل کرناچاہئے ۔انہوںنے طلبا پر پر زور دیا کہ اس طرح کے علمی و ادبی پروگرام ان کی زندگی کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیںلہٰذا ان کو اس طرح کی محفلوں کا ہر حال میں حصہ بننا چاہئے۔ پروفیسر اسد اللہ وانی ،ڈاکٹر عبدالرئوف کے علاوہ پروفیسر مصرف حسین شاہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس افتتاحی اجلاس میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد لطیف میر نے انجام دئیے جبکہ شکریہ کی تحریک پروفیسر خورشید الاسلام نے پیش کی۔اس کے بعد تکنیکی اجلاس کی صدارت پروفیسر قدوس جاوید اور پروفیسر اسداللہ وانی نے کی ۔اجلاس میں ڈاکٹر سالک برار،ڈاکٹر عبدالرشید منہاس(شعبہ اردو جموں یونیورسٹی)،ڈاکٹر مشتاق احمد وانی اور ڈاکٹر لیاقت نیئر شعبہ اردو بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری،ڈاکٹر عاشق رضا(گورنمنٹ وومن کالج گاندھی نگر جموں) ،ڈاکٹر عبدالحق نعیمی،ڈاکٹر محمد ساجر ،ڈاکٹر مسرت جبین وغیرہ نے اپنے مقالات پیش کئے۔ان تمام مقالہ نگار حضرات نے سر سید احمد خان کے افکار سے متعلق مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زوردیا کہ موجودہ دور میں انسانیت کی بقاکے لئے لازم ہے کہ سر سید احمد خان کی فکرکو اپنی فکر کا حصہ بنایا جائے تا کہ انسانی برادری میں ہم آہنگی پیدا کی جاسکے اور انسانی دوستی کو فروغ دینا ممکن ہو سکے۔سیمینار میں یونیورسٹیوں اور کالجوں کے متعدد اساتذہ ریسرچ اسکالروں کے علاوہ گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر کے عملہ اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔آخر میں ڈاکٹر معروف خان صدر شعبہ بیالوجی گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر نے سبھی کاشکریہ ادا کیا ۔