پونچھ//ضلع عدالت پونچھ کی جانب سے ضلع ہسپتال کی جانب جانے والی سڑک پر ناکھاں والی چوک کے قریب ٹریفک جام روز کا معمول بن چکا ہے۔ہر روز صبح شام جام کی وجہ سے نہ صرف گاڑیوں والے افراد کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ اس طرف سے پیدل گزرنے والے راہگیروں کو بھی ٹریفک جام میں پھنس کر پریشانی ہو تی ہے۔ایک راہ گیر نے بتایا کہ کم سن بچوں کو گاڑیاں اور موٹر سائیکل چلانے کی پونچھ میں کھلی چھوٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ کم عمری کی وجہ سے اسکولی بچے ہمیشہ جلدی میں رہتے ہیں اور وہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں،یہی وجہ پے کہ پونچھ میں ہر جگہ ٹریفک جام لگ جاتے ہیں۔انہوں نے ٹریفک پولیس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا کام نہیں کرتے جس کی وجہ سے عام عوام کو پریشانی اٹھانی پڑتی ہے۔ فیض اکبرخان راٹھور نے کہا کہ ناکھاں والی سڑک پر ہمیشہ جام لگا رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں وہ بارہا اعلیٰ افسران سے اپیل کر چکے ہیں کہ وہ ٹریفک نظام کو درست بنانے کے اقدام کریں لیکن ان پر عوام کی اپیل کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہاکہ عدالت پونچھ کے بالکل ساتھ چونکہ محکمہ امور صارفین کا سٹور ہے، اس سٹور کی جانب ہر روز مالبردار ٹرک اور دوسری گاڑیاں جاتی ہیں،اس کے علاوہ عدالت کے احاطہ کو کچھ لوگوں نے پارکنگ بنا کر رکھی ہے جو اپنی گاڑیا ں وہاں کھڑی کر کے چلے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سب سے بڑی وجہ ہے کہ اس راستے پر ہمیشہ ٹریفک جام لگا رہتا ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایس ایس پی پونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں ذاتی داخلت کر کے محکمہ ٹریفک کو ہدایت کریں کہ وہ احاطہ عدالت میں کم از کم دن میں گاڑیوں کو لے جانے پر پابندی عائد کریں۔انہوں نے کہا کہ اسکے علاوہ کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل اور دیگر گاڑیاں چلانے کی اجازت نہ دی جائے۔