عظمیٰ نیوز سروس
جموں //بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چْگ، جو جموں و کشمیر کے پارٹی انچارج بھی ہیں، نے کہا کہ فاروق اور عمر عبداللہ دونوں کو ہندوستان میں پاکستان کا سفیر قرار دیا جانا چاہئے کیونکہ وہ صرف پاکستانی آئی ایس آئی کے جذبات کی بازگشت کر رہے ہیں۔عبداللہ کنبے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی لیڈر نے کہا کہ انہیں مسلح افواج کا کوئی خیال نہیں ہے جو پاکستان آئی ایس آئی کے عزائم کو ناکام بنانے کے لئے چوبیس گھنٹے اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ جیسے ہی آئی ایس آئی کے زیر اہتمام دہشت گردوں کی طرف سے حملہ ہوتا ہے، عبداللہ خاندان فوری طور پر دہشت گردوں کو بچانے کیلئے آجاتا ہے اور مودی حکومت کو گرانے کی کوشش کرتا ہے۔چگ نے کہا کہ جب سے آرٹیکل 370 ہٹایا گیا ہے جموں و کشمیر میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے۔ پتھراؤ یا ہڑتال کے اب کوئی واقعات نہیں ہیں، جموں و کشمیر میں قریب امن قائم ہے۔چگ نے کہاکہ بنیادی طور پر عبداللہ سمجھ گئے ہیں کہ وہ جموں و کشمیر میں تیزی سے اپنی جگہ کھو رہے ہیں کیونکہ لوگ ان کے مذموم عزائم کو سمجھ چکے ہیں۔ لوگ اعلیٰ تعلیم اور روزگار چاہتے ہیں جو مودی حکومت نے انہیں دیا ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ مفتیوں اور عبداللہوں نے جموں و کشمیر کو اتنی مدت سے اندھیرے میں رکھا ہے لیکن آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں ترقی اور پیشرفت کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے جو عبداللہ اور مفتیوں کو پسند نہیں ہے۔