محتشم احتشام
پونچھ//ضلع ہسپتال پونچھ میں بدھ کے روز اس وقت خوشی کی لہر دوڑ گئی جب ایک خاتون نے بیک وقت تین صحت مند بچوں کو جنم دیا۔ہسپتال کے ماہر ڈاکٹروں کے مطابق تینوں نومولود مکمل طور پر تندرست ہیں، تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت ماں اور بچوں کو نرسری وارڈ میں خصوصی طبی دیکھ بھال کے لئے رکھا گیا ہے تاکہ ان کی صحت کی مسلسل نگرانی کی جا سکے۔طبی ٹیم کے مطابق فوری طور پر ماں اور نومولود بچوں کی حالت تسلی بخش ہے، لیکن چند گھنٹوں کی مزید مانیٹرنگ کے بعد حتمی فیصلہ لیا جائے گا کہ انہیں گھر بھیجنا مناسب ہوگا یا مزید کچھ وقت نگہداشت میں رکھا جائے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ تین بچوں کی پیدائش ایک حساس مرحلہ ہوتا ہے، اس لئے طبی پروٹوکول کے مطابق ہر چھوٹی سے چھوٹی تبدیلی پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔اس موقع پر ہسپتال کے ڈاکٹروں نے واضح کیا کہ ضلع ہسپتال پونچھ میں آنے والی ہر حاملہ خاتون کا باقاعدہ اور معیاری علاج کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زچگی کا عمل انتہائی نازک ہوتا ہے اور ہسپتال کی ٹیم اس ذمہ داری کو پوری توجہ اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ نبھاتی ہے۔ ماہرین نے بتایا کہ یہاں زچہ اور بچہ دونوں کے لئے جدید سہولیات، تجربہ کار عملہ اور تمام بنیادی ضروریات ہمہ وقت دستیاب رہتی ہیں، جس کی بدولت متعدد مشکل کیسز بھی کامیابی کے ساتھ نمٹائے جاتے ہیں۔ڈاکٹروں نے اس تاثر کی سختی سے تردید کی کہ ضلع ہسپتال پونچھ محض ایک ’’ریفر ہسپتال‘‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ غلط فہمیاں پھیلاتے ہیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ صرف وہی مریض ریفر کیے جاتے ہیں جن کا علاج یہاں ممکن نہ ہو یا جنہیں انتہائی تخصصی سہولیات درکار ہوں۔ ‘‘ہمارا مقصد مریض کو بہترین طبی سہولت فراہم کرنا ہے، خواہ وہ یہاں ہو یا کسی بڑے ادارے میں۔ہسپتال انتظامیہ نے عوام سے گزارش کی کہ وہ طبی عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں، کیونکہ ہسپتال کی کامیابی اور بہتر خدمات کا انحصار عوامی اعتماد اور اشتراک پر ہے۔ انتظامیہ نے کہا کہ پونچھ کے لوگ اپنے ضلع ہسپتال پر اعتماد رکھیں، یہاں ہر مریض کو عزت، توجہ اور ذمہ داری کے ساتھ علاج فراہم کیا جاتا ہے۔تین بچوں کی پیدائش کی یہ خوشخبری نہ صرف خاندان کے لیے مسرت کا باعث بنی بلکہ پورے ہسپتال عملے نے بھی اس کامیاب زچگی کو بہتر انتظام، بروقت نگرانی اور اعلیٰ طبی خدمات کا ثمر قرار دیا ہے۔