جموں //نیشنل پنتھرس پارٹی کے چیئر مین ہرش دیو سنگھ نے ضلعی انتظامیہ ادہم پور پر مبینہ طورپر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ وہ ضلع میں پنتھرس امید واروں کو سازش کے تحت ہراساں کرنے میں مصروف ہے جبکہ بھاجپا امید واروں کی حمایت کی جارہی ہے ۔جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر اور ایس ایس پی ادہم پور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھاجپا کی حمایت کے سلسلہ میں کئی ایک ایماندار ملازمین و آفیسران کو ہراسان وتبدیل کیا گیا ہے جبکہ زعفران پارٹی کے پرچار کیلئے کچھ ملازمین کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے ۔ہرش دیو سنگھ نے کہاکہ ضلع میں انتظامیہ کی جانب سے اختیار کئے گئے روایہ سے ایسا لگتا ہے کہ ان کو بھاجپا کی حمایت کیلئے ہی تعینات کیا گیا ہو ۔موصوف نے مبینہ طورپر بلاک ڈولپمنٹ آفیسر مجالٹہ کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ان کیخلاف کئی ایک شکایت درج کروائی گئی لیکن ضلع ترقیاتی کمشنر کی جانب سے اس طرف کو دھیان ہی نہیں دیا گیا۔انہوں نے سابقہ ممبر اسمبلی رام نگر اور بھاجپا کے سنیئر لیڈر ذکر کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے بغیر کسی وجہ کے درجن سے زائد پی ایس ائو کو ساتھ رکھا ہوا ہے جن کو انتخابی عمل کے پرچار کیلئے استعمال کیا جارہاہے ۔موصوف نے مزیدکہاکہ ضلع میں پنتھرس پارٹی کے کارکنوں ولیڈران کی جانب سے درج کروائی گئی شکایتوں کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے چیف الیکٹرول آفیسر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ضلع میں قوانین کی خلاف ورزی کے عمل کو سنجیدگی کیساتھ لیتے ہوئے کاروائی عمل میں لائی جائے ۔