مضبوط خاندان، بااختیار افراد اور مربوط برادریاںہی مستحکم ریاست کی بنیاد :لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) جموں میں’اپنا بھوجنالیہ‘ کی اپ گریڈیشن کے موقع پر منعقدہ ایک باوقار تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے نہ صرف اس فلاحی منصوبے کا افتتاح کیا بلکہ وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ یہ لنگر خانہ سیوا بھارتی کے زیرِ انتظام جبکہ جموں و کشمیر بینک اور دیگر مخیر حضرات کے تعاون سے چلایا جا رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد اسپتال میں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو معیاری اور سستا کھانا فراہم کرنا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقع پر بھوجنالیہ میں عام لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی تناول کیا، جسے حاضرین نے سادگی اور عوامی رابطے کی ایک مثبت مثال قرار دیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضرورت مندوں کی خدمت دراصل انسانیت کی معراج ہے اور جو قومیں اس جذبے کو اپناتی ہیں، وہی ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا’’بھوکوں کو کھانا کھلانا سب سے مقدس عمل ہے۔ جب ایک انسان دوسرے کی مدد کے لیے ہاتھ بڑھاتا ہے تو وہ نہ صرف ایک فرد کی ضرورت پوری کرتا ہے بلکہ پوری انسانیت کی خدمت انجام دیتا ہے‘‘۔منوج سنہا نے مزید کہا کہ سیوا بھارتی کی جانب سے انجام دی جانے والی یہ خدمت معاشرے میں ہمدردی، بھائی چارے اور یکجہتی کے جذبے کو فروغ دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنا بھوجنالیہ جیسے منصوبے نہ صرف فوری ضرورت کو پورا کرتے ہیں بلکہ طویل مدت میں سماجی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک مضبوط جموں و کشمیر کے لیے ضروری ہے کہ ہر شہری اپنی ذمہ داری کو سمجھے اور معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہامضبوط خاندان، بااختیار افراد اور مربوط کمیونٹیز ہی ایک مستحکم ریاست کی بنیاد ہوتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے واضح کیا کہ کسی بھی بڑی تبدیلی کے لیے وسیع وسائل کی نہیں بلکہ خلوص نیت، واضح ویژن، مستقل مزاجی اور انسانیت سے محبت درکار ہوتی ہے۔ انہوں نے سیوا بھارتی کے رضاکاروں، منتظمین اور عطیہ دہندگان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور لگن نے ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی پیدا کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف بھوک مٹتی ہے بلکہ انسانوں کا وقار بھی بحال ہوتا ہے، جو کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’اپنا بھوجنالیہ‘ کی خدمات کو مزید وسعت دی جائے اور یہ سلسلہ بلا تعطل جاری رہے۔تقریب کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے منشیات کے خلاف جاری مہم کا بھی ذکر کیا اور معاشرے کے تمام طبقات، خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس ناسور کے خلاف متحد ہو کر جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کا خاتمہ ایک صحت مند اور خوشحال معاشرے کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔