صنعت وحرفت ، محنت و روزگار محکموں کی کارکردگی کا جائزہ

جموں//قانون ساز کونسل کی محکمہ جاتی سٹینڈنگ کمیٹی کی ایک میٹنگ ایم ایل سی نریش کمار گپتا کی صدار ت میں یہاں منعقد ہوئی ۔میٹنگ میں محنت و روزگار ، صنعت وحرفت محکموںکی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ارکان قانون سازیہ سجاد احمد کچلو ، محمد مظفر پرے ، فردوس احمد ٹاک ، خورشید احمد گنائی ، شیام لال بھگت ، ایس چرنجیت سنگھ اور پردیپ کمار شرما نے میٹنگ میں حصہ لیا۔ کمیٹی نے ریاست میں بے روزگار نوجوانوں کی رجسٹریشن اور محنت و روزگار محکمہ کی طرف سے اُٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔کمشنر سیکرٹری محنت و روزگار کفایت حسین رضوی نے کمیٹی کو بتایا کہ بے روزگار نوجوانوں کی رجسٹریشن لازمی نہیں بلکہ رضاکارانہ طور پر یہ نوجوان اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔کمیٹی نے شیر کشمیر اَن ایمپلائمنٹ ویلفیئر سکیم کی موجودہ صورتحال کی تفصیلات طلب کیں۔صنعت وحرفت کے پرنسپل سیکرٹری شیلندر کمار نے کمیٹی کو اپنے محکمہ کی کلہم کارکردگی کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔میٹنگ میں لیبر کمشنر ڈاکٹر عبدالرشید ، ایم ڈی جے کے آئی جاوید اقبال ، ایم ڈی سیکاپ آر ایل تکو ، ایم ڈی جے کے سیمنٹس اٹل شرما ، ایم ڈی سڈکو جسوندر سنگھ دوا ، ایم ڈی ہینڈ لوم راکیش شرما، ایم ڈی جے کے ایچ ایل عابد سہیل کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و حرفت نگیندر سنگھ جموال ڈائریکٹر صنعت و حرفت کشمیر اور جموں نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔