راجوری //راجوری ضلع میں منشیات کے غیر قانونی کاروبارکیلئے رکھی گئی اب تک کی سب سے بڑی رقم ضبط کر لی گئی ہے ۔جموں وکشمیر پولیس نے حدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ سرحد پار منشیات کے کاروبار کے سلسلہ میں رکھی گئی 1کروڑ 64لاکھ روپے سے زائدکی نقد رقم نوشہرہ سب ڈویژن کے صفر لائن پر رہائش پذیر ایک شخص کے گھرسے ضبط کرلی گئی ہے ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ملی ایک خفیہ اطلاع کے بعد پولیس نے گرفتاری کے سلسلہ میں چھاپے مارے تاہم پولیس چھاپے سے کچھ دیر ہی قبل جھنگڑ علاقہ میں ملزم موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔اس سلسلہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران ایس ایس پی راجوری شیما این قصاب نے بتایا کہ خفیہ اطلاع موصول ہو نے کے بعد جموں وکشمیر پولیس اور فوج کی جانب سے مشترکہ طور پر ایک تلاشی مہم شروع کی ۔انہوں نے بتایا کہ سریاں علاقہ میں سیکورٹی ایجنسیوں کو دو بیگ ملے جن میں سے 1کروڑ 64لاکھ 70ہزار اور 6سو روپے نقدی باز یاب کئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ بیگ منظور احمد ولد گلزار حسین سکنہ سریاں نوشہرہ کے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے گرفتار کئے گئے سکندر نامی شخص کا رشتہ دار بھی ہے جبکہ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 184/2021پولیس سٹیشن نوشہرہ میں درج کیا گیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ نقدی صفرلائن سے کچھ ہی میٹر کی دوری پر سے ضبط کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سے صاف ظاہر ہوتاہے کہ مذکورہ رقم سرحد پار سے سمگلنگ کے سلسلہ میں استعمال کی جانی تھی ۔