لندن//عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا ہے کہ ویکسین کورونا وائرس کی وبا کو روکنے کے لیے کافی نہیں ہوگی۔ دوسری جانب امریکہ کی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی موڈرنا نے دعویٰ کیا ہے کہ کلینکل ٹرائلز کے ابتدائی نتائج کے مطابق اس کی کورونا کی ویکسین 94.5 فیصد موثر ہے۔دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا نے اپنے آغاز کے کئی ماہ بعد شدت اختیار کی۔فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس وبائی مرض سے پانچ کروڑ 44 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس سے 13 لاکھ 18 ہزار افراد سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق سنیچر کو چھ لاکھ 60 ہزار 905 کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ جمعے کو چھ لاکھ 45 ہزار 410 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔یہ تعداد سات نومبر کے کیسز سے بڑھ گئی تھی۔ سات نومبر کو چھ لاکھ 14 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر ویکسین کی فراہمی محدود ہوگی۔ ویکسین لگانے کے لیے ہیلتھ ورکرز، عمر رسیدہ افراد اور کورونا وائرس کے خطرے سے دوچار افراد کو ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ویکسین کے آنے سے اموات کی تعداد میں کمی ہو جائے گی جبکہ صحت کا نظام بھی اس قابل ہو جائے گا کہ اس وبا پر قابو پایا جا سکے۔