راجوری//پہاڑی جوائنٹ فرنٹ کی طرف سے دستخطی مہم کا آغاز کیا جس میں پہلے روز وائس چیئرمین پہاڑی ایڈوائزی بورڈ کلدیپ راج گپتا ، ایم ایل سی وبود گپتا ،سابق وزیر صحت شبیر احمد خان وغیرہ نے بھی شرکت کی ۔ پہاڑی طبقہ کئی سال سے شیڈیول ٹرائب درجے کا مطالبہ کرتاآرہاہے جسے ہر بار انتخابات سے قبل یہ کہہ کر تسلی دی جاتی ہے کہ بہت جلد یہ مانگ پوری کی جائے گی اور پھر بعد میں سب کچھ فراموش کردیاجاتاہے ۔موجودہ حکومت نے بھی کچھ ایسے ہی وعدے کئے اورحکمران اتحاد ی جماعتوں نے اپنے کم از کم مشترکہ پروگرام میں بھی اس بات کا اعلان کیاکہ پہاڑی طبقہ کو شیڈیول ٹرائب کادرجہ دیاجائے گاتاہم اس سلسلے میں کوئی پیشرفت نہ ہوتے دیکھ کر پہاڑی جوائنٹ فرنٹ نے دستخطی مہم شروع کی ہے ۔ پہلے روز کالج طلباء اور مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں دستخطی مہم میں حصہ لیتے ہوئے اپنا مطالبہ دہرایا اور سرکار سے اپیل کی کہ وہ پہاڑی عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرے ۔ فرنٹ کے چیئرمین شاداب شاہ نے بتایا کہ پہاڑی عوام سابق اور موجود سرکار کو ہر بار اس لئے ووٹ دیتی آئی ہے تاکہ اسے بنیادی حق یعنی شیڈیول ٹرائب کا درجہ دیا جائے لیکن ہر ایک حکومت صرف وعدے کرتی ہے اور اس پر عمل نہیں ہوتا۔ انہوںنے کہاکہ پہاڑی طبقہ ایک قبائل ہے جس کے ساتھ حد درجہ ناانصافی کی جارہی ہے اوراس کا اثر نوجوان نسل پرپڑرہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی فرنٹ اس سلسلہ میں ہر ممکنہ کوشش کرکے طبقہ کی آواز کو اعلیٰ حکام تک پہنچائے گا۔ اس موقعہ پر ایڈووکیٹ تعظیم ڈار ، عاقب وانی ، شفقت وانی ، عمر ملک، آصف بٹ وغیرہ بھی موجود تھے ۔