منڈی//ممبر قانون ساز کونسل ڈاکٹر شہناز گنائی نے تحصیل منڈی کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے تحصیل میں چل رہے مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سب ضلع اسپتال منڈی کی زیر تعمیر نئی عمارت کے کام کاج کا جائزہ بھی لیا ۔ اس موقعہ پر ان کے ہمراہ محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران بھی تھے ۔موصوفہ نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اس عمارت کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو مزید انتظار نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے افسران سے مزید کہا کہ اگر عمارت پر مزید پیسہ لگے گا تو وہ انہیں حکومت سے پیسہ دلوانے کی بھی سفارشات کریںگی۔اس دوران سول سوسائٹی کا ایک وفد بھی ممبر موصوفہ سے ملاقی ہوا جس نے منڈی سب ضلع اسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی مسئلہ اٹھایااور کچھ دیگر مطالبات بھی پیش کئے ۔اس پر ممبر موصوفہ نے وفد کو یقین دہانی کر وائی کہ جلد ہی ماہر ڈاکٹروں کو اسپتال میں تعینات کروایا جائیگا۔بعد ازآں موصوفہ نے راجپورہ اعلیٰ پیر میں محکمہ سیاحت کی طرف سے بنائے جانے والی عمارت کے لئے زمین کی نشاندہی کی اور افسران سے اس پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دورے کے دوران شہناز گنائی نے سرحدی علاقہ ساوجیاں میں گورنمنٹ ہائر سکنڈری سکول کا جائزہ بھی لیا۔اس سکول کو موصوفہ نے اڈاپٹ کیاہواہے ۔انہوںنے سکول کی عمار ت کو مزید وسعت دینے کیلئے زمین کا معائنہ بھی کیا ۔ممبر موصوفہ نے اپنے ذاتی فنڈ سے رقم واگزار کرنے کابھی وعدہ کیا۔انہوںنے اسکول کے لئے سولر سسٹم اور ایک واٹر کولر دینے کا بھی اعلان کیا ۔ان کے ہمراہ نائب تحصیلدار منڈی سید عابد صفوی، بلاک میڈیکل افسر منڈی ڈاکٹر سید مشتاق حسین ،محکمہ تعمیرات عامہ کے ایگزیکٹو انجینئر جسبیر سنگھ، عبدالاحد بٹ، غلام عباس، ماسٹر امیر دین، چوہدری نظیر اورمبشر بانڈے بھی تھے۔