سرینگر//حالیہ کچھ دنو ں سے موسم خشک اوررات کے وقت مطلع صاف رہنے کی وجہ سے درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے ،جسکے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہورہاہے ۔جمعرات کی صبح شہر سرینگر سمیت وادی کے کئی علاقوں میں دُھندچھائی رہی ،جسکے باعث ڈرائیوروں کوگاڑیاں ہیڈلائٹس آن کرکے چلانی پڑیں،تاہم 9بجے کے بعدآہستہ آہستہ دھندختم ہوگئی ۔محکمہ موسمیات نے خشک موسم جاری رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے رواں ہفتے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ظاہرکیاہے ۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.6ڈگری ،قاضی گنڈ میں 0.6ڈگری ، گلمرگ میںمنفی0.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی دیکھی گئی اوریہاں بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات کم از کم درجہ حرارت منفی 2.8ڈگری تھا ۔ ضلع کپواڑہ میں گذشتہ شب منفی 0.2ڈگری ریکاڈ گیا گیا ہے اور اس طرح کپوارہ میں رواں موسم میں پہلی بار درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا ہے ۔اس دوران سرد موسم اور دھند نے شہر کے بیشتر علاقوں کو صبح سویرے اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے حد نگاہ کم ہو گئی اور معمولات درہم برہم ہو گئے۔