محتشم احتشام
پونچھ//زون ساتھرہ ضلع پونچھ کے گورنمنٹ مڈل اسکول کلانی میں چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ مختار احمد منہاس کی سبکدوشی کے موقع پر ایک پْروقار، باوقار اور جذبات سے بھرپور الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع کی تعلیمی برادری نے اپنے معزز افسر کی شاندار خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کا انعقاد زونل ایجوکیشن آفیسر ساتھرا نورین فاطمہ کی زیر نگرانی عمل میں آیا، جن کی مدبرانہ قیادت اور بہترین منصوبہ بندی نے پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ تقریب کے انتظام و انصرام کی ذمہ داری سینئر اسسٹنٹ مشتاق حسین بیتاب نے نہایت خوش اسلوبی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دی، جن کی انتھک محنت پروگرام کی کامیابی میں نمایاں رہی۔
اس موقع پر زون کے تمام مڈل اسکولوں کے سربراہان، آئی سی ایس گائیڈنس سینٹر ساتھرا اور منتظمین کمیٹی کے اراکین نے بھرپور تعاون اور شرکت کے ذریعے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔تقریب میں چیف ایجوکیشن آفیسر آفس کے افسران و اہلکاروں سمیت متعدد معزز شخصیات نے شرکت کی، جن میں تحصیلدار منڈی، زونل فزیکل ایجوکیشن آفیسر منڈی، ہیڈماسٹر ہائی اسکول سلونیاں، ہیڈماسٹر ہائی اسکول پنڈی، زونل پلاننگ آفیسر ستھرا اور دیگر سینئر افسران و اساتذہ شامل تھے۔تقریب کی نظامت کے فرائض نیاز کرمانی نے نہایت عمدگی، شائستگی اور دلنشیں انداز میں انجام دیے، جس سے پروگرام کی روانی اور وقار برقرار رہا۔تقریب کے دوران مقررین نے اپنے خطابات میں مختار احمد منہاس کی مثالی قیادت، غیر معمولی انتظامی صلاحیتوں اور تعلیمی میدان میں ان کی گراں قدر خدمات کو تفصیل سے اجاگر کیا۔ مقررین نے ان کی دیانت داری، فرض شناسی اور تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے مسلسل کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے دورِ قیادت میں ضلع پونچھ کے تعلیمی شعبے میں شفافیت، احتساب اور ہمہ جہتی ترقی کو فروغ ملا۔مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سبکدوش ہونے والے افسر نے نہ صرف اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا بلکہ اساتذہ میں ایک نئی روح پھونکی، انہیں اعلیٰ کارکردگی کے لیے متحرک کیا اور ایک صحت مند تعلیمی ماحول کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی نرم خوئی، عملے کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اور ہر سطح پر دستیابی کو بھی بے حد سراہا گیا۔تقریب کے اختتام پر مختار احمد منہاس کو یادگاری تحائف پیش کی گئیں،جس دوران ماحول جذباتی اور عقیدت سے بھرپور رہا۔ شرکاء نے ان کی خدمات کو سنہری الفاظ میں یاد کرتے ہوئے ان کی صحت، خوشحالی اور کامیاب ریٹائرمنٹ زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔تقریب دعا اور نیک خواہشات کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی، جبکہ حاضرین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سبکدوش ہونے والے افسر کی پیشہ ورانہ دیانت، لگن اور عوامی خدمت کا جذبہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگا۔