محتشم احتشام
پونچھ//پونچھ ضلع کے سرحدی گاؤں سیلانی میں منعقدہ ’شہید اورنگزیب والی بال ٹورنامنٹ 2026‘اپنے تمام تر جوش و جذبے، قومی جذبے اور کھیلوں کے ولولے کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔سنسنی خیز اور اعصاب شکن فائنل مقابلے میں سیلانی کلب نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مضبوط حریف ایل او سی 804 کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کی فاتح ٹرافی اپنے نام کر لی۔ فائنل میچ کے دوران شائقینِ کھیل کی بڑی تعداد موجود رہی، جنہوں نے دونوں ٹیموں کے کھیل کو دل کھول کر سراہا۔ٹورنامنٹ کے اختتامی پروگرام میں 39 آر آر کے کمانڈنگ آفیسر (CO) بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ ان کے ہمراہ شہیداورنگزیب کے والد محمد حنیف، سابقہ سرپنچ خالد چوہان، سابقہ نائب سرپنچ حاجی عبدالحمید، سابقہ سرپنچ محمد عارس، نمبردار قدیر، چوکیدار برکت حسین سمیت علاقے کے معززین، نوجوانوں اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب نے ایک طرف شہید کی عظیم قربانی کو یاد رکھا تو دوسری جانب نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کا پیغام بھی دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ سرپنچ خالد چوہان نے بھارتیہ فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی فوج ہر سال شہید اورنگزیب کی یاد میں اس باوقار ٹورنامنٹ کا انعقاد کر کے نہ صرف شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے بلکہ سرحدی علاقوں کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا بہترین موقع بھی فراہم کرتی ہے۔انہوں نے موجودہ حکومتِ جموں و کشمیر، ایل جی انتظامیہ اور ضلعی حکام سے پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گاؤں سلانی کے بچوں میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، مگر مناسب کھیل کے میدان اور سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گاؤں کے لئے ایک باقاعدہ سپورٹس اسٹیڈیم منظور کیا جائے تاکہ نوجوان بہتر سہولیات کے ساتھ کھیل سکیں اور مستقبل میں ضلع، ریاست اور ملک کا نام روشن کر سکیں۔میچ کے اختتام پر فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ مہمانِ خصوصی اور شہید کے والد نے فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کی، جبکہ 39 آر آر کے سی او نے کھلاڑیوں کے جذبے، نظم و ضبط اور کھیل کے اعلیٰ معیار کو سراہتے ہوئے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔