پونچھ// بارشوں کا سلسلہ جاری ہوتے ہی پونچھ میں دریا کی طغیانی کا خطر لاحق ہوگیاہے۔اس کے پیش نظر اے ڈی سی گرویندر جیت سنگھ اور اے ایس پی پونچھ مسرور میر نے پونچھ قصبہ کے فلڈ زون اور کلائی کے فلڈ زون علاقوں کا دورہ کر کے ان علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی جانوں کی حفاظت کے لئے رات کے وقت خصوصی طور پر محفوظ مقامات پر چلے جایا کریں۔انہوں نے کہا کہ دن میں بھی فلڈ زون میں رہنا خطر ناک ہے لیکن چونکہ اسوقت انسا ن جاگتا ہے تو وہ اس خطرہ سے بچنے کی کوشش کر سکتا ہے لیکن چونکہ رات میں سبھی لوگ سو جاتے ہیں اس حالت میں سیلاب آئے تو ان کے بچنے کی امید نہیں رہتی۔انہوں نے لوگوں کو ہدایت دی کہ وہ فلڈ زون کو خالی کر کے محفوظ مقامات پر پنا گزیں ہو کر اپنی اور اپنے اہل خانہ کی جانوں کو تحفظ فراہم کریں۔اس دوران فلڈ زون میں رہائش پذیر لوگوں نے ان دونوں افسران کو بتایا کہ وہ لوگ غریب ہیں اوراپنے بل بوتے پر دوسری جگہ زمین خرید کر اپنے لئے مکان بنانے کی حیثیت نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ کئی بار انتظامیہ سے اپیل کر چکے ہیں کہ ان کی امداد کی جائے تاکہ وہ اپنے لئے دوسری جگہ گھر بنا سکیں لیکن ان کی کوئی امداد نہیں کی جا رہی۔انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ فلڈ کنٹرول کی جانب سے بھی ان کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے دریا کے کناروں پر باندھ تعمیر نہیں کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ان کو زیادہ خطرہ ہے۔لوگوں کے مطالبات سننے کے بعد اے ڈی سی نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کی مدد کریں گے۔تاہم انہوںنے کہاکہ وہ اپنی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کریں ۔