رام گڑھ //پلوامہ واقعہ کے بعد جموں میں پیدا شدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل پنتھرز پارٹی کے چیئر مین ہرش دیو سنگھ نے کہا ہے کہ سیاسی مفاد پر ست جماعتیں عوام کو مذہب اور فرقوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں ۔انہوں نے سیول سوسائٹی اور نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سماج دشمن عناصر کو بے نقاب کرنے کے علا وہ تفریقی نظریات رکھنے والوںکی سماج مخالف پالیسیوں کو ناکام کرنے کیلئے یکجا ہو جائیں ۔رام گڑھ میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جموں کی عوام ایک لمبے عرصہ سے ہم آہنگی اور یکجہتی کیساتھ ایک ہی معاشرے میں رہتی آئی ہے لیکن اب کچھ سیاسی جماعتیں اپنے مفاد کیلئے صوبہ جموں کا آپسی بھائی چارہ خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہیں ۔حالیہ دنوں میں صوبہ جموں کے مختلف علا قوں میں پیدا شدہ حالات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے این پی پی لیڈر نے کہاکہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ تفریق پسند نظریات سے دور رہیں ۔پلوامہ واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے ہر ش دیو سنگھ نے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں مہلوکین کے لواحقین کیساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ ریاستی عوام سماج دشمن عناصر کی پالیسیوں کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہو نے دیں گے ۔بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پارٹی نے پی ڈی پی کیساتھ مخلوط حکومت تشکیل دی تھی جس کے بعد اس نے صوبہ جموں کی عوام کو یکسر نظر انداز کیا اور اب اشتراک ختم ہو نے کے بعد پی ڈی پی کو بھاجپا کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے تاہم صوبہ جموں کی عوام بھاجپا کی سبھی پالیسیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔