سری نگر//بھارتیہ جنتاپارٹی کے جموں کشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری اشوک کول نے مرکزی حکومت کی طرف سے جموں کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مجوزہ میٹنگ کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کواس میٹنگ میں شرکت کرکے اپنی بات سامنے رکھنی چاہیے۔اشوک کول نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ مرکزی سرکاراس جماعتوں کو سنے گی اور اس معاملے میں جوٹھیک ہوگا،وہ اقدام کیاجائے گا۔کے این ایس کے مطابق اشوک کول نے ڈوڈہ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا،’’ مرکز نے پہل کی ہے یہ جموں وکشمیر کے مستقبل کے بارے میں ایک اچھی بات ہے، ہماری جتنی بھی سیاسی جماعتیں ہیں ان کو اپنی بات سامنے رکھنی چاہئے اور مجھے یقین ہے کہ مرکزی سرکار ان کی بات سنے گی اور اس کے متعلق جو ٹھیک ہوگا اس کی طرف چلے گی‘‘۔مجوزہ کل جماعتی میٹنگ کے متعلق عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ میٹنگ کے بارے میں پوچھے جانے پراشوک کول نے کہاکہ وہ آپس میں میٹنگ کریں لیکن جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی اور بھلائی و بہبود کے لئے انہیں اس میٹنگ میں جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس میٹنگ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے اگر کسی پارٹی کو دعوت نہیں دی گئی ہے تو اس کو اپنی طرف سے پہل کرنی چاہئے۔