جموں//گورنر این این ووہرا جو شیرِ کشمیر زرعی یونیورسٹی ۔ کے ، کے چانسلر بھی ہیں کی صدارت میں راج بھون میں یونیورسٹی کی 33ویں کونسل میٹنگ منعقد ہوئی ۔ زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ ، باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری اور پشو و بھیڑ پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔چانسلر نے اس موقعہ پر زرعی اور باغبانی شعبے سے متعلق یونیورسٹی کی تین اشاعت کی بھی رسم رونمانی انجام دی۔چانسلر نے باغبانی کے وزیر سے کہا کہ ہائی ڈینسٹی باغات لگانے کی بدولت وادی میں سیبوں کی پیداوار میں کئی گنا اضافہ ہوگا لحاظہ سیبوں کی گریڈنگ، سٹوریج ، پیکینگ ، مارکیٹنگ اور ٹرانسپورٹیشن کے لئے ایک طویل مدتی منصوبہ مرتب کیا جانا چاہیئے ۔وزیر نے انہیں جانکاری دی کہ میوئوں کی شلف لائف بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور رواں مالی سال کے دوران پانچ نئی ہارٹیکلچر نرسریاں بھی قائم کی جارہی ہیں۔گورنرنے دونوں زرعی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کو صلاح دی ہے کہ وہ ایسے بیج تیار کریں جن پر خشک سالی کا کم اثر پڑے۔ انہوں نے کہا کہ پوری وادی کی میپنگ کی جانی چاہیئے تاکہ الگ الگ فصلوں کے لئے اراضی کی نشاندہی کی جاسکے ۔اس سے قبل وائس چانسلر ڈاکٹر نذیر احمد نے یونیورسٹی کے کام کاج کے حوالے سے کونسل کو ایک پرزنٹیشن دی اور سرگرمیوں کا ایک تفصیلی خاکہ پیش کیا ۔وائس چانسلر نے کہا کہ ریاست میں پہلے ہی 90784میٹرک ٹن صلاحیت والا ایک سی اے سٹور قائم کیا گیا ہے جس میں سیب کافی دیر تک محفوظ رکھے جاسکتے ہیں۔اُنہوں نے مختلف فصلوں کے حوالے سے ہاتھ میں لئے گئے تحقیقی پروجیکٹوں اور حصولیابیوں کا بھی خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں مختلف فصلوں کے 72اقسام جاری کئے ہیں جن کے بیج محکمہ زراعت کو دستیاب کرائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے یہ بیج دستیاب کرانے کے لئے کرشی وگیان کیندروں کے علاوہ ہرایک فیکلٹی اور شالیمار کیمپس میں بھی سیل آوٹ لٹ کھولے ہیں ،جہاں سے کسان براہِ راست یہ بیج خرید سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی سہولیت کے لئے یونیورسٹی نے مختلف شعبوں میں کئی قلیل مدتی کورس شروع کئے ہیں تاکہ وہ روزگار حاصل کرنے کے قابل بن سکیں۔میٹنگ میں گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اُمنگ نرولہ ،پرنسپل سیکرٹری فائنانس نوین کمار چودھری ، پرنسپل سیکرٹری پلاننگ روہت کنسل ، وی سی سکاسٹ جموں ڈاکٹر پردیپ کمار شرما، سیکرٹری باغبانی منظور احمد لون ، سیکرٹری زراعت شوکت احمد بیگ اور رجسٹرار سکاسٹ کشمیر پروفیسر ایم ایچ وانی نے بھی شرکت کی۔