مینڈھر //ہرنی سے گلہوتہ جانے والی سڑک کی سابق اے ای ای اور کچھ دیگر لوگوں نے کھدائی کردی جس پر محکمہ نے ان کے خلاف پولیس تھانہ گورسائی میں کیس درج کرانے کیلئے شکایت کی ہے ۔ ہرنی سے گلہوتہ نو کلو میٹرسڑک محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے تحت تعمیر ہورہی ہے اور دوسرے مرحلے کے تحت اس پر بجری ڈالی جارہی ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ سابق اے ای ای اور دیگر کچھ لوگوں نے روڈ کی کھدائی کی جس پر محکمہ کے ایکسن اور ایس ڈی ایم مینڈھر موقعہ پرپہنچے اور انہوںنے دیکھاکہ واقعی سڑک کی کھدائی کی گئی ہے ۔اس دوران انہوںنے مشین لگواکر کھدائی ختم کروائی اور پولیس تھانہ گورسائی میں پانچ افراد کے خلاف کیس درج کرنے کی درخواست دی گئی ہے جس میں سابق اے ای ای بھی شامل ہیں ۔شکایت میں دعویٰ کیاگیاہے کہ محکمہ کو پندرہ لاکھ روپے کانقصان پہنچایاگیاہے ۔ایکسن کاکہناہے کہ پندرہ لاکھ روپے کا نقصان کیاگیاہے جس پر پولیس کے پاس شکایت درج کرائی ہے ۔