جموں//ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بین الاقوامی سرحد پر ونگ کمانڈر سطح کے افسران کی فلیگ میٹنگ ہوئی جس میں متعدد معاملات پر غور و خوض کیا گیا۔ بی ایس ایف کے جموں مقیم ترجمان نے بتایا کہ یہ میٹنگ پاکستان رینجرز کی استدعا پر سچیت گڑھ میں منعقد ہوئی ۔ ایک گھنٹہ تک چلنے والی اس میٹنگ کے دوران وز مرہ کے سرحدی معاملات کے علاوہ حالیہ آر پار فائرنگ کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ ترجمان نے بتایا کہ بی ایس ایف نے ارنیہ سیکٹر میں پاکستانی فوج کی جانب سے ہندوستانی فوج اور شہری آبادی پربلا اشتعال فائرنگ پر اعتراض جتایا۔ میٹنگ میں اس بات پر اتفاق ظاہر کیا کہ فیلڈ کمانڈروں کے مابین مواصلاتی روابط کو مزید مستحکم کیا جائے تا کہ چھوٹے موٹے معاملات موقعہ پر ہی حل کئے جا سکیں۔ ترجمان نے کہا کہ یہ میٹنگ بہت ہی خوشگوار اور مثبت ماحول میں ہوئی اور دونوں طر ف کے کمانڈروں نے اس میٹنگ اور سابقہ میٹنگوں میں لئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے اور بین الاقوامی سرحد پر امن قائم رکھنے کا عزم دہرایا۔