سوپور //جاوید عالم(جسے عرف عام میں ڈینی موری سن) کہا جاتا ہے، شمالی کشمیر سے تعلق رکھنے والا ایک انگریزی کمنٹیٹر ہے جس کی دلکش آواز کھیل مقابلے میں جان ڈالتا ہے۔ وہ گذشتہ دس برسوں سے کشمیر میں ہونے والے کرکٹ مقابلوں میں کمنٹری کرتا ہے جس سے اس کو کافی پذیرائی حاصل ہوئی ہے کیونکہ زیادہ تر لوگ اس کی سریلی آواز کو پسند کرتے ہیں ۔کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے جاوید عالم نے کہا کہ ’’مجھے بچپن سے کرکٹ پسند ہے اور بڑے عزم اور جوش و جذبے کے ساتھ کرکٹ کھیلتاتھاتاہم بعد میں والد نے مجھے ہر جگہ کرکٹ میچوں کیلئے کمنٹری کرنے کو کہا، اس لئے میں نے کمنٹری کرنا شروع کیااور والد کی خواہش ہے کہ مجھے قومی سطح پر کمنٹری کرتے ہوئے دیکھ لیں‘۔ اس کا کہنا ہے کہ ’’اب کمنٹری میرا شوق بن گیا ہے اور آنے والی زندگی میں میری روزی روٹی کمانے کا ذریعہ بن چکی ہے‘۔عالم نے کہا کہ میں 2008سے کمنٹری کرتا آیا ہوں اور اس کے علاوہ میں نے اپنی تعلیم بھی مکمل کی ہے ۔اس کا کہنا تھا کہ میں نے شمالی کشمیر کے زین گیر ، سوپور ، بانڈی پورہ ، کپوارہ ، بارہمولہ ، رفیع آباد اور دیگر حصوں میں کھیلے جانے والے کرکٹ میچوں کے دورا ن انگریزی میں تبصرے کیے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں نے اسکول کی سطح پر کرکٹ کے مختلف ٹورنامنٹس اور وادی کشمیر میں ہونے والے سرکاری کرکٹ ٹورنامنٹس پر تبصرہ کیا تھا اور انہیں کئی بار بہترین کمنٹیٹر سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایک اچھے کمنٹریٹر بننے کے لئے حوصلہ افزائی کرتے تھے۔