محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کی پنچایت درہ دلیاں کواڑیاں سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے سابق سرپنچ محمد لطیف کی قیادت میں بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (بی ڈی او) سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد کا مقصد سوشل میڈیا پر مقامی گرام روزگار سیوک (GRS) کے خلاف جاری مبینہ جھوٹی اور من گھڑت مہم کی شدید مذمت کرنا اور اس معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرنا تھا۔وفد کے ارکان نے بی ڈی او کے سامنے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر متعلقہ ملازم کے خلاف پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی ایماندار سرکاری ملازم کو بغیر کسی ثبوت کے نشانہ بنانا نہ صرف اس کی ساکھ کو متاثر کرتا ہے بلکہ پوری انتظامیہ کو بدنام کرنے کی منظم کوشش بھی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی افواہوں سے ایک طرف سرکاری ملازمین کا حوصلہ پست ہوتا ہے، تو دوسری جانب عوامی فلاح و بہبود کے جاری ترقیاتی کام بھی متاثر ہوتے ہیں، جس سے عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔وفد نے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والے عناصر کی فوری نشاندہی کی جائے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کسی کو بھی ذاتی مفادات کی خاطر سرکاری ملازمین کی عزت و وقار سے کھیلنے کی جرات نہ ہو۔دوسری جانب متعلقہ جی آر ایس نے بھی اپنی وضاحت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ الزامات لگانے والے شخص کے دو کام زیر التوا تھے۔ان کے مطابق پہلے کام کی ادائیگی مکمل طور پر کی جا چکی ہے، جبکہ دوسرے کام کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہ ابھی مکمل نہیں ہوا تھا، تاہم جتنا کام زمینی سطح پر انجام دیا گیا، اس کی پیمائش کر کے بل تیار کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مقررہ طریقہ کار کے مطابق متعلقہ رقم خود بخود مستفید فرد کے بینک کھاتے میں منتقل کر دی جائے گی۔وفد نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اس معاملے کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنائے اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے ذریعے انتظامی نظام میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرے۔یہ معاملہ نہ صرف سرکاری اداروں کی ساکھ بلکہ عوامی اعتماد کے حوالے سے بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے، جس پر بروقت اور منصفانہ کارروائی ناگزیر سمجھی جا رہی ہے۔