جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر سب ڈویژن کے سَنگیوٹ،چنڈیال ،ناڑ اور بھاٹہ دھوڑیاں کے عوام نے نَیابت کے مقامِ تعمیر سے متعلق ایک اہم مشترکہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے مکمل اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے۔ علاقہ مکینوں اور بزرگوں نے واضح کیا ہے کہ یہ پورے علاقے کا مشترکہ مسئلہ ہے اور اس میں کسی قسم کی سیاست کو ہرگز جگہ نہیں دی جائے گی۔مقامی لوگوں کے مطابق نَیابت کی تعمیر اسی مقام پر ہونی چاہیے جہاں اس کا انتخاب پہلے ہی متعلقہ عمل کے تحت کیا گیا ہے۔ عوامی نمائندوں اور علاقہ مکینوں نے واضح کیا ہے کہ یہ فیصلہ عوام کا حق بھی ہے اور عوام کی اجتماعی رائے بھی، جسے تبدیل کرنا علاقے کے لئے کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہوگا۔علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر سے پْرزور اپیل کی ہے کہ نَیابت کی تعمیر گرڈ اسٹیشن کے قریب ہی کی جائے، کیونکہ تمام دیہی حلقے اسی مقام پر مکمل اتفاق رکھتے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہی جگہ عوامی ضروریات، سہولت اور جغرافیائی اعتبار سے سب سے موزوں ہے۔مختلف طبقوں کا کہنا ہے کہ اب وقت ہے کہ تمام لوگ ایک آواز اور ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوں تاکہ اپنی جائز مانگ کو مؤثر انداز میں انتظامیہ تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اتحاد ہی علاقے کی اصل طاقت ہے اور اسی اتحاد کے ذریعے علاقے کے مسائل کا حل ممکن ہو سکتا ہے۔عوام نے امید ظاہر کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ ان کے مطالبات اور پہلے سے طے شدہ فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے نَیابت کی تعمیر کے مقام پر جلد از جلد حتمی فیصلہ کرے گی، تاکہ علاقے میں برسوں سے زیرِ التوا یہ اہم انتظامی ضرورت پوری ہو سکے۔