عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے گورو روِی داس جی کی سماجی و معاشی اِصلاحات میں خدمات کو اُجاگر کرتے ہوئےکہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اُن کی تعلیمات کو اَپنائیں تاکہ دُنیا کو زیادہ مساوی اور اِنسان دوست بنایا جا سکے۔اِن باتوں کا اِظہار نائب وزیر اعلیٰ نےگورو روِی داس سبھا کرشنا نگر میںگورو روی داس جی کے 648 ویں پرکاش اُتسو کی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اُنہوںنے کہا کہ موجودہ دور میں جہاں مادیت پسندی نے ہمارے معاشرے کے تانے بانے اور معاشرتی ڈھانچے کو متاثر کیا ہے وہاں ضروری ہے کہ ہم اَپنے سنتوں او رصوفیوں کی تعلیمات پر عمل کریں تاکہ ایک مطمئن او رروحانی زندگی بسر کی جاسکے۔ اُنہوں نے مزید کہا ،’’ ہمیں اَپنی زندگی کو زیادہ روحانی بنانے کے لئے اَپنے سنتوں، اولیأ اور صوفیوں کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے جس سے ہماری زِندگی زیادہ پُر سکون اور خوشحال ہوگی۔‘‘نائب وزیراعلیٰ نے کہا ،’’ برصغیر کے لوگ گورو روِی داس جی کی ان خدمات سے واقف ہیںجن کے ذریعے اُنہوں نے ایک اِنسانی اَقدار پر مبنی معاشرے کے قیام کو یقینی بنایا۔ ہمیں ان تعلیمات کو پھیلانے کی ضرورت ہے تاکہ اِنسانیت کی بہتری اور فلاح و بہبود کو فروغ دیا جا سکے۔‘‘ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہی راستہ دُنیا کو زیادہ مساوی اور جامع بنانے کی بنیاد بنے گا۔اُنہوں نے نوجوانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ہمارے سنتوں اورصوفیوں کی تعلیمات پر عمل کریں اوران رجحانات سے دور رہیں جو ان کے مستقبل اور صحت کے لئے نقصان دہ ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کچھ عناصر منشیات کے اِستعمال کے ذریعے ہمارے نوجوانوں کو خود تباہی کے راستے پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہم ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔اِس سے قبل نائب وزیر اعلی نے آشرم میںحاضری دی ۔ اُنہوں نے ملک اور بالخصوص جموں و کشمیر کے امن عامہ اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔ اُنہوں نے عقیدتمندوں سے بات چیت بھی کی۔ آل جموں و کشمیرگورو روِی داس سبھا کی اِنتظامیہ نے نائب وزیر اعلیٰ کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا جس میں ایس سی اور ایس ٹی کے لئے ملازمتوں میں ریزرویشن ، ایس سی او رایس ٹی ایکٹ اور دیگر متعلقہ مطالبات جیسے متعدد مسائل کو پیش کیا گیا ہے۔اِس سے قبل سابق بی ڈی سیز ، سرپنچوں اور پنچوں کے ایک وفد نے نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اَپنے متعلقہ علاقوں کے متعدد ترقیاتی مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے اُنہیں یقین دِلایا کہ اُن کے مسائل جلد حل کئے جائیں گے ۔