عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں و کشمیر پولیس نے منگل کو کچھ لوگوں کو حراست میں لیا اور بہت سے دوسرے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا جو ضلع کٹھوعہ میں ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر جمع ہوئے تھے تاکہ ضلع کے علاقوں میں سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے خلاف احتجاج کیا جا سکے۔یہ احتجاج ‘جن جاگرن منچ کے بینر تلے جاری تھا اور مظاہرین نے جے کے کے کٹھوعہ ضلع میں ڈی سی آفس کے مرکزی دروازے کے باہر سڑک بلاک کرکے اپنا احتجاج درج کرانے کے لیے مختلف ڈرامے بھی پیش کیے تھے۔انتظامیہ کی جانب سے پرامن طور پر ختم کرانے کی متعدد کوششوں کے باوجود مظاہرین نے دھرنا اٹھانے سے انکار کر دیا جس کے بعد پولیس ٹیم نے معمولی لاٹھی چارج کا سہارا لے کر انہیں وہاں سے منتشر کر دیا۔حکام نے بتایا کہ کچھ مظاہرین کو جائے وقوعہ سے حراست میں بھی لیا گیا ہے۔دوسری جانب انتظامیہ کی ہٹ دھرمی کا الزام لگاتے ہوئے مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں جو کہ عوام کی خواہشات کے خلاف ہے لیکن انتظامی سیٹ اپ میں کوئی بھی اس معاملے کو سننے کی زحمت گوارا نہیں کر رہا۔