عظمیٰ نیوز سروس
لکھنو//وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کو پہلگام دہشت گردانہ حملے پر سماج وادی پارٹی (ایس پی)لیڈروں کے حالیہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستانی بیان بازی قرار دیا۔676کروڑ کے 501ترقیاتی منصوبوں میں سے 341کے افتتاح اور 160دیگر کے لیے سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر دیوریا میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے 2017سے پہلے خطے کی حالت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پُرامن تہوار منانا ناممکن تھا، نوجوانوں کو کام کے لیے ہجرت کرنا پڑتی تھی، اور کسانوں کو انتہائی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے مختلف سرکاری اسکیموں کے فوائد بھی تقسیم کئے جس میںسیلف ہیلپ گروپس کے ممبران کو 7.87کروڑ روپے، سی ایم دیہی ہائوسنگ سکیم کے تحت گھروں کی چابیاں، پٹہ یوجنا کے تحت 37مستفیدین کو ٹریکٹر اور زمین کے لیز کے کاغذات شامل ہیں۔انہوں نے دیوریا میں چار منزلہ سرکاری ڈگری کالج کے افتتاح کا بھی اعلان کیا جو کہ خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا کالج ہے جو بیک وقت آرٹس، سائنس اور کامرس مضامین پیش کرے گا۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اعلان کیا کہ دیوریا سے گورکھپور تک چار لین والی شاہراہ تعمیر کی جا رہی ہے، جس سے دہلی اور دیگر بڑے شہروں کے لیے بغیر کسی رکاوٹ کے رابطے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، گورکھپور-بلیا روٹ کو بھی فور لین میں اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ دیوریا سے کسیا اور پدرونا کو جوڑنے والی سڑکوں کو علاقائی رابطے کو بہتر بنانے کے لیے چوڑا کیا جا رہا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اس کی قیادت پر صرف اور صرف اپنے خاندانوں پر توجہ مرکوز کرنے اور ذات پات پر مبنی سیاست کرنے پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ اقتدار میں تھے تو انہوں نے ریاست کو غربت، بے روزگاری اور عدم تحفظ کے سوا کچھ نہیں دیا۔اس کے برعکس، موجودہ حکومت نے غریبوں، کسانوں اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات شروع کیے ہیں۔ 15لاکھ پسماندہ خاندانوں کو سرکاری فلاحی اسکیموں سے جوڑنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے‘‘۔