اسلام آباد// پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سعودی عرب کے ایک روزہ دورے کے بعد منگل کی صبح وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔وزیراعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے اس اْمید کا اظہار کیا ہے کہ سعودی عرب اور قطر کے درمیان تنازع جلد حل ہو جائے گا۔پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور اْن کے ہمراہ جانے والے وفد نے پیر کی شام جدہ میں سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان سے ملاقات کی تھی۔وزیرِاعظم کے وفد میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور خارجہ امور پر وزیرِاعظم کے مشیر سرتاج عزیز بھی شامل تھے۔وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان کی طرف سے سعودی عرب کی جغرافیائی سلامتی اور سالمیت کے تحفظ کے عزم کو ایک مرتبہ پھر دہرایا گیا۔بیان میں شاہ سلمان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جنگ مسلمان ممالک کے مفاد میں ہے۔