عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//سری نگر شہر سے تعلق رکھنے والے متعدد اراکین قانون ساز اسمبلی نے کل یہاں سول سیکرٹریٹ میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی اور کئی برسوں کے وقفے کے بعد روایتی دربار موئوکی بحالی پر اْن کا شکریہ اَدا کیا۔و زیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں رْکن اسمبلی عیدگاہ مْبارک گْل، ممبر اسمبلی حبہ کدل شمیم فردوس ، رْکن قانون ساز اسمبلی حضرت بل سلمان ساگر، ممبر قانون ساز اسمبلی زڈی بل تنویر صادق ،رْکن اسمبلی لال چوک شیخ احسان احمد پردیسی اور ایم ایل اے چھانہ پورہ مشتاق گورو شامل تھے۔اِس موقعہ پر وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی بھی موجو دتھے۔ اراکین اسمبلی نے روایتی دربار موئو کی بحالی کو سراہا جسے گزشتہ برس جموں میں دوبارہ شروع کیا گیا تھا اور اس کے بعد سری نگر میں دفاتر کے دوبارہ کھلنے کا خیر مقدم کیا۔اْنہوں نے کہا کہ دربار موئو کی بحالی سے اِقتصادی سرگرمیوں میں اِضافہ ہوگا بالخصوص مہمان نوازی کے شعبے میں اور خطے میں مجموعی تجارتی رونق میں بھی بہتری آئے گی۔