سرینگر//اپنی پارٹی کے ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ نے سرینگر میں سڑکوں کی خستہ حالت پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب سے 74ویں آئینی ترامیم کے تحت شہر کی سڑکوں کی دیکھ ریکھ کو محکمہ تعمیرات عامہ سے سرینگر میونسپل کارپوریشن کو منتقل کیاگیا ہے، تب سے سڑکوں کی مرمت اور میکڈامائزیشن کا عمل تھم سا گیاہے۔ انہوں نے کہاکہ سڑکوں کی خستہ حالت کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور موسلادھار بارشوں سے سڑکوں میں کھڈ پڑگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی مرمت ہنگامی بنیادوں پر شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ راہگیروں کو چلنے پھرنے میں مشکلات کاسامنا نہ کرنا پڑے۔ نور محمد شیخ نے کہاکہ بلدیاتی اداروں اورڈی ڈی سی کونسل کے تحت میکڈامائزیشن کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ شہر سرینگر کی اندروانی رابطہ سڑکوں پر متعلقہ حکام کی عدم توجہ کے سبب یہ عمل مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے گذارش کی کہ لوگوں کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے اور سڑکوں کی مرمت شروع کی جائے۔