سرینگر بارہمولہ شاہراہ کے کئی اہم مقامات پر گندگی کے ڈھیر

بارہمولہ// سرینگر بارہمولہ شاہراہ پر ناربل سے سنگھ پورہ اور بارہمولہ سے بونیار تک کئی اہم مقامات پر گندگی اور غلاظت کے ڈھیرجمع ہونے سے ہر طرف بدبو پھیل گئی ہے جس کی وجہ سے راہگیروں ،مسافروں اور دوکانداروں کوسخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ناربل، ژینہ بل ، پلہالن ، سنگرامہ ،دلنہ اور خانپورہ کے علاوہ درئے جہلم کے کناروں پر غلاظت کے ڈھیرجمع ہیں جسے باضابطہ ڈمپنگ ایریا میں تبدیل کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ کچھ خود غرض لوگوں نے شاہراہ پر گوبر بھی جمع کیا ہے جو راہ چلتے لوگوں کیلئے بیماری کا باعث بن سکتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ کئی مقامات پر میونسپل اہلکار اپنی گاڑیوں میں فضلہ اور گندگی کے انبار لاد کر شاہراہ اور دریائے جہلم کے کناروں پر چھوڑ دیتے ہیں جس کے نتیجے میںراہ گیروں اور مسافروں کو بدبو کا سامنا کرنا پڑ تا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر چہ انہوں نے ان شکا یات کو کئی بار انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کے افسران کی نوٹس میں لایا تھالیکن اُنہوں نے اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا۔ لوگوں نے ایل جی انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گندگی ہٹانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔