عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //شمالی ریلوے نے یکم مارچ 2026 سے سرینگر اور جموں کے درمیان براہ راست رابطہ فراہم کرنے کے لیے وندے بھارت ایکسپریس سروس کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔شمالی ریلوے کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکاری مواصلت کے مطابق وندے بھارت ایکسپریس کو یکم مارچ سے جموں توی تک بڑھایا جائے گا۔یہ سروس، جو پہلے سرینگر اور ویشنو دیوی کٹرہ کے درمیان چل رہی تھی، اب براہ راست سرینگر اور جموں کے درمیان چلائی جائیگی۔ریلوے حکام نے ٹرین کی ساخت میں بھی نظر ثانی کی ہے، مسافروں کی متوقع مانگ کے پیش نظر کوچ کی طاقت کو موجودہ 8 کوچوں کے وندے بھارت ریک سے بڑھا کر 20 کوچوں کے ریک تک پہنچا دیا ہے۔اس توسیع کا مقصد جموں و کشمیر میں ریل رابطے کو بڑھانا اور وادی اور جموں خطے کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو سفر کا بہتر تجربہ فراہم کرنا ہے۔ سرینگر جموں براہ راست ٹرین دن میں دو بار دونوں طرف سے چلے گی۔پہلی ٹرین سرینگر سے صبح 8بجے اور دوسری دن کے 2بجے روانہ ہوگی۔ اسی طرح جموں سے پہلی ٹرین صبح 6بجکر 20منٹ پر اور دوسری دن کے ایک بجے سرینگر کیلئے روانہ ہوگی۔جموں اور سرینگر کے درمیان براہ راست ٹرین سروس شروع ہونے سے پہلے چل رہی ریلوں کے اوقات میں تبدیلی ہوگی۔