عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ //ضلع پونچھ پولیس کی جانب سے غیر قانونی کانکنی کے خلاف مہم میں مزید شدت لاتے ہوئے، پولیس اسٹیشن سرنکوٹ نے اہم کارروائی انجام دی اور کانکنی سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں پر سخت شکنجہ کسا۔باقاعدہ گشت کے دوران پولیس ٹیم نے کئی مشتبہ گاڑیوں کو روکا۔ جانچ پڑتال میں سامنے آیا کہ ایک ڈمپر، دو ٹپر اور ایک ٹریکٹر ٹرالی غیر قانونی طور پر کان کنی شدہ مواد کی نقل و حمل میں ملوث تھے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام گاڑیوں کو موقع پر ہی ضبط کرلیا۔پولیس نے اس کے بعد متعلقہ محکمہِ کانکنی کو بروقت مطلع کیا تاکہ قوانین کے تحت ضروری کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔ پولیس اور مائننگ ڈیپارٹمنٹ کے درمیان ہم آہنگی کو غیر قانونی کانکنی کے خاتمے کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ضلع پونچھ پولیس نے واضح کیا کہ قدرتی وسائل کا تحفظ اور ماحولیات کی سلامتی ان کی اولین ترجیح ہے۔ غیر قانونی کانکنی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی آئندہ بھی جاری رہے گی۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع دے کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں تاکہ ضلع میں ماحولیات اور قانون و نظم کی صورتِ حال بہتر برقرار رہ سکے۔