عشرت حسین بٹ
پونچھ// ضلع پونچھ کے سب ڈویژن سرنکوٹ میں درابہ–بفلیاز سڑک پر ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں2افرادجاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت 2افراد شدید زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق ایک آلٹو کار زیر نمبر JK11A-2008، جو بفلیاز سے سرنکوٹ کی جانب جا رہی تھی، درابہ کے مرزا موڑ کے مقام پر اچانک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے وقت گاڑی میں چار افراد سوار تھے، جو شدید زخمی ہو گئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو نکال کر سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ منتقل کیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں زخمیوں کی نازک حالت کے پیش نظر انہیں بہتر علاج کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا گیا۔
بلاک میڈیکل آفیسر سرنکوٹ، ڈاکٹر محمد یوسف کے مطابق زخمیوں میں شامل ظفر جاوید ولد محمد عبداللہ شاہ سکنہ تھنہ منڈی جی ایم سی راجوری پہنچنے سے قبل ہی ایمبولینس میں دم توڑ گئے۔ ان کی موت سے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔دیگر زخمیوں کی شناخت گلشن شاہین زوجہ ظفر جاوید سکنہ تھنہ منڈی، شبیر احمد ولد خاطر دین سکنہ بونی کھیت بفلیاز اور امجد ولد محمد اسلم سکنہ بہرام گلہ کے طور پر ہوئی ہے، جو اس وقت گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں زیر علاج تھے تاہم علاج معالجہ کے دوران شبیر احمد بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی جنگ ہار گیا ۔پولیس نے اس واقعہ کے سلسلے میں تھانہ سرنکوٹ میں ایک مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ تیز رفتاری یا سڑک کی خراب حالت کو قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اصل وجوہات کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گا۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سڑک پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔