عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے کیرن سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پرمنگل کی شام فائرنگ کا ایک مختصر تبادلہ ہوا۔حکام کے مطابق 06 راشٹریہ رائفلز کے اہلکار منگل کی شام 5بجے کے قریب پولیس سٹیشن کیرن کے تحت آنے والے گائوں بالا کیرن کے قریب لائن آف کنٹرول کے ساتھ نگرانی کے کیمرے نصب کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران پاک فوج کے دستوں نے لائن آف کنٹرول کے اس پار سے ہوا میں دو رائونڈ فائرنگ کی۔حکام نے بتایا کہ جواب میں، بھارتی فوج کے اہلکاروں نے احتیاطی تدابیر کے طور پر ہوا میں ایک رائونڈ فائر کیا۔ واقعے کے دوران دونوں جانب سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ حکام نے بتایا کہ مختصر تبادلے کے بعد علاقے میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ حالات قابو میں رہے۔حکام نے مزید کہا کہ سیکورٹی ایجنسیاں یہاں کڑی نگرانی کر رہی ہیں۔