مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی سرحدی پنچایت بھروتی کے رام لوتہ گائوں میں نصب محکمہ بجلی کا ٹرانسفارمر ایک ماہ سے خراب ہے جس کی وجہ سے علاقہ میں بجلی کی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے تاہم متعلقہ محکمہ کی جانب سے کوئی دھیان نہیں دیاجارہا ہے ۔لوگوں نے محکمہ بجلی کے ملازمین و آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ 63کے وی ٹرانسفارمر کی مرمت کیلئے پہل کئی مرتبہ ملازمین کیساتھ رابطہ کرنا پڑا تاہم اس کے بعد ملازمین نے خراب ٹرانسفارمر کو مرمت کیلئے منتقل کیا تاہم 15دنوں سے مذکورہ مشینری کو واپس نہیں لایا گیا جس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات جوں کی توں ہی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے ملازمین صرف بجلی کے بل صارفین تک پہنچانے کیلئے سنجیدگی کیساتھ کام کرتے ہیں جبکہ سپلائی نظام میں تکنیکی خرابیوں کو دور کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لی جارہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ صفرلائن کے قریب آباد گائوں میں بجلی کی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔