مینڈھر//سخی میدان کلائی سڑک کی حالت نہایت ہی خستہ ہے اورمتعلقہ محکمہ سڑک کی طرف کوئی دھیان نہیں دے رہا ۔سڑک کی یہ حالت ہے کہ چوبیس کلو میٹر سے لے کر 29کلو میٹر تک گاڑیوں کا چلنا نہایت ہی مشکل ہو گیا ہے کیونکہ اس کے بیچ بڑے بڑے کھڈے بن گئے ہیں اور کیچڑ ہی کیچڑ پھیلا ہوا ہے۔ سڑک کے اس حصے پرکئی گھنٹوں تک گاڑیاں پھنسی رہتی ہیں اور عام مسافر بری طرح پریشان ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ نہ ہی وہ خود کہیں پہنچ پاتے ہیں اور نہ ہی بچے وقت پر سکول جاسکتے ہیں، اگر ایک گاڑی سڑک کے بیچ پھنس جاتی ہے تو اس کو دھکے دینا بھی آسان نہیں ہوتا۔انہوںنے کہاکہ حکام کو اس سڑک کی مرمت کرنی چاہئے اور لوگوں کو اس طرح سے پریشانی میں نہیں ڈالناچاہئے ۔ان کاکہناتھاکہ وہ اس سلسلے میں کئی مرتبہ حکام سے اپیل کرچکے ہیں لیکن ان پر کوئی اثر نہیںہورہا۔انہوںنے ضلع انتظامیہ و تحصیل انتظامیہ سے اپیل کی کہ سڑک کی حالت کو فوری طور ٹھیک کیا جائے کیونکہ انسانوں کا چلانا نہایت ہی مشکل ہو گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ اس روڈ کو قابل آمدورفت بنایاجائے ۔ مجید چوہدری نامی ایک شخص نے کہاکہ اگر سڑک کی مرمت نہ کی گئی تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیںگے ۔