عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ہفتہ کی رات پولیس سٹیشن ستواری کے دائرہ اختیار میں آنے والے ہری پور، پھلائیں منڈال کے رنگ روڈ پر حریف گینگ کے حملے میں دو بھائی شدید زخمی ہو گئے۔واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے پولیس سٹیشن ستواری میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور جرم میں ملوث تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ حملے میں استعمال ہونے والا ایک پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق زخمی بھائیوں کی شناخت پراس شرما اور ریشو شرما ولد پون کمار ساکن سورے چک، منڈل کے طور پر ہوئی ہے، جو اس وقت اسکارپیو گاڑی میں سفر کر رہے تھے جب ہفتہ کی رات تقریباً 8 بجے ہری پور، پھلائیں منڈال علاقے میں مبینہ طور پر گگلی گینگ کے ارکان نے، جس کی قیادت گینگسٹر ہیپی چودھری عرف گگلی کر رہا تھا، انہیں روک لیا۔حملہ آوروں نے مبینہ طور پر گاڑی کا راستہ روکا اور بھائیوں پر تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کیا، اس کے علاوہ ان پر فائرنگ بھی کی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم موقع واردات پر پہنچی اور زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا، جہاں سے سر اور ٹانگوں کی شدید چوٹوں کے پیش نظر انہیں مزید علاج کے لیے امرتسر کے ایک اسپتال ریفر کیا گیا۔واقعہ کے بعد پولیس نے پولیس سٹیشن ستواری میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تمام ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے تلاشی مہم شروع کر دی۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ اب تک تین افراد، جن کی شناخت راجندر کمار عرف ببّو، رگھویر اور شیوم چودھری کے طور پر ہوئی ہے، کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ باقی ماندہ ملزمان، جن میں مرکزی ملزم ہیپی چودھری عرف گگلی بھی شامل ہے، کی گرفتاری کے لیے مزید کوششیں جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ جھڑپ دونوں گروہوں کے درمیان پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے، جو تقریباً پانچ سال قبل بورے چک گاؤں میں ہولی کی تقریبات کے دوران ایک تنازعہ سے شروع ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے دونوں گروہوں کے درمیان متعدد حملے اور تصادم پیش آ چکے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ہیپی چودھری کو تقریباً ایک ماہ قبل پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست کی مدت مکمل ہونے کے بعد جیل سے رہا کیا گیا تھا۔دریں اثنا، خبر لکھے جانے تک مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس چھاپے مار رہی تھی جبکہ گرفتار افراد سے پوچھ گچھ بھی جاری تھی۔تحقیقات کے حصے کے طور پر قریبی مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی کھنگالی جا رہی ہے۔مزید کسی بھی کشیدگی کو روکنے کے لیے علاقے میں پولیس کی موجودگی بڑھا دی گئی ہے۔