جموں//جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس جمو ں و کشمیر ہائی کورٹ اور سابق چیف جسٹس آف انڈیا اے ایس آنند کے انتقال پر تعزیت کی ہے ۔جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ، جسٹس بدر دُریز احمد ، جسٹس محمد یعقوب میر ، جسٹس آلوک ارادھے ، جسٹس دھیرج سنگھ ٹھاکر ، جسٹس تاشی ربستن ،جسٹس سنجیو کمار اور دیگر جوڈیشل افسران اور سینئر وکلاءاس موقعہ پر موجود تھے اور جسٹس آنند کی خدمات کو یاد کیا۔ اس موقعہ پر چیف جسٹس نے کہا کہ جسٹس آنند کی خدمات عدلیہ کے شعبے میں ہمیشہ یاد کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس آنند نے بحیثیت جج کئی اہم نوعیت کے فیصلہ جات صادر کئے اور انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کو ہمیشہ عزیز رکھا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم لیگل فریٹرنیٹی ، ان کا اہل خاندان اور جموں کے عوام بالعموم جسٹس آنند کے انتقال پر اکٹھے ہوئے ہیں تاکہ ہم مشترکہ طور اس غم میں شریک ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ جسٹس آنند نے قانون کے شعبے میں کئی مقالے اور کتابیں تصنیف کئے ہیںجن میں ” The Constitution of J&K its Development and Comments" شامل ہے۔غمزدہ کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اِظہار کرتے ہوئے تعزیتی میٹنگ میں شریک لوگوں نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی اور جسٹس آنند کی آتما کی شانتی کے لئے دعا کی۔