سابق جموں کشمیر بینک چیئرمین ضمانت پر رہا

سرینگر //جموں کشمیر بینک کے سابق چیئرمین پرویز احمد ننگرو ،جنہیں بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا ، کو انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت نے ہفتہ کو ضمانت پر رہا کردیا۔معلوم ہوا ہے کہ خصوصی درخواست انسداد کورپشن کشمیر کی عدالت کے روبرو ایڈووکیٹ اشتیاق خان کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ انٹی کورپشن عدالت نے مبینہ ملزم کی ایک لاکھ روپے کے مچلکہ کے ساتھ عبوری ضمانت منظور کی تاہم انہیں صبح 10 بجے سے2بجے کے درمیان تفتیشی ٹیم کے سامنے طلب کر نے پر پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔جموں و کشمیر بینک کے سابق چیئرمین پرویز احمد ننگروکو ممبئی میں قائم ایک کمپنی ایم  ایس سیلا سلیوشن پرائیویٹ لمیٹڈکو ہاؤس کیپنگ کے سلسلے میں جموں و کشمیر بینک کی جانب سے غیر قانونی طور پر ٹینڈرز الاٹ کرنے کے معاملے کے سلسلے میں اپریل میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انسداد کورپشن بیورو نے اکتوبر 2019 میں ایک نجی فرم اور تین سابق بینک عہدیداروں ، جن میں ننگروبھی شامل ہے ، کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا اور  اس کو 3 اپریل 2021 کو گرفتار کیا گیا تھا۔