پونچھ// بار ایسوسی ایشن نے زیارت میراں بخش کی نامکمل سڑکوں پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نامکمل سڑکیں ، ٹریفک کا کوئی انتظام نہیں ،ہر سمت بدعنوانیاں پونچھ کی علامات ہیں۔انہوںنے کہا کہ شاہپور حدِ متارکہ کے قریب کا ایک خوبصورت علاقہ ہے جہاں کا سفر کرنے والوں کو سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے سینکڑوں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلیک ٹاپنگ کے بغیر اور لینڈ سلائیڈز کا ملوہ نہ اٹھائے جانے کی وجہ یہ سڑک موت کا کنواں بن گئی ہے ۔بار ایسوسی ایشن پونچھ کے صدر ایڈووکیٹ معروف خان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران نہایت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم مسئلے کو حل کرنے کے لئے انتظامیہ کوئی نوٹس نہیں لے رہی ہے۔انھوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ کا ایک مقدس مقام جہاں ہر روز ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند حاضر ہوتے ہیں وہاں کے لئے سڑکوں کا مناسب رابطہ نہیں ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ زیارت حضرت میراں بخشؒ کے علاوہ شاہ پور گاؤں میں بہت بڑی آبادی آباد ہے جو منتظر ہیں کہ ان کو سڑک جیسی بنیادی سہولت ملے ۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو اس بات کا پتہ کرے گی کہ متعلقہ معاملات کے بارے میں کاغذ ات زیر التواکیوں ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ5اگست2019کے بعد ریاست جموں کشمیر میں تعمیرات کا سلسلہ بالکل تھم گیا ہے اور آگے بھی تعمیرات ہوں اس کی بھی کوئی امید نہیں ہے لیکن لفٹینٹ گورنر کی انتظامیہ کو چاہئے کہ جو مقامات عوام کی عقیدتوں کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں ان کی طرف توجہ دے۔