تھنہ منڈی //زونل ایجوکیشن افیسر تھنہ منڈی کی اسامی گذشتہ 9 ماہ سے خالی پڑی ہے جسکی وجہ سے تعلیمی زون تھنہ منڈی کے اساتذہ اور عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تعلیمی زون تھنہ منڈی میں تقریباً چار سو ٹیچرو ں اور ماسٹروں کے علاوہ درجہ چہارم کے ملازم کام کرتے ہیں جنکی دیکھ ریکھ زونل ایجوکیشن آفیسر کی ذمہ داری ہے۔ اسکے علاوہ تقریباً اسی ہزار آبادی اور سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کے مسا ئل کا ازالہ بھی انہی کے ذمہ ہے۔ اسکولوں کے انفرا سٹرکچر اور دیگر معاملات کو دیکھا جاتا ہے لیکن زونل ایجوکیشن آفیسر کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات ہوتی ہیں۔ گزشتہ سال ماہ جون میں سابق زونل ایجوکیشن افیسر تھنہ منڈی ریاض الحق کی بطور پرنسپل ترقی ہوئی جس کے بعد اسکا چارج ماڈل بوائزہائر سکنڈری سکول تھنہ منڈی کے پرنسپل کو دیا گیا لیکن چھ ماہ بعد یہ چارج محکمہ تعلیم کے حکام نے ہائر سکنڈری سکول ساج کے پرنسپل کو سونپ دیا جوہیڈ کوارٹر تھنہ منڈی سے 15 کلو میٹر کی دوری پر ہے۔ تھنہ منڈی کے علاقہ ڈھوک سے تعلق رکھنے والے نثار حسین کا کہنا کہ اسکول کے مسئلہ کے لئے آفیسر بالا سے ملاقات کرنے کے لئے دفتر کا طواف کیا لیکن انچارج زونل ایجوکیشن افسر کے ساتھ ملاقات نہ ہو سکی ہے ۔ اس سلسلہ میں چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری گلزار حسین چوہدری سے بات کی گئی تو انہوں نے کہاکہ ضلع راجوری میں تھنہ منڈی سمیت زونل ایجوکیشن آفیسروں کی سات اسامیاں خالی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چند روز بعد خالی اسامیوں کی تعداد دس ہو جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہیڈ ماسٹروں کی اسامیاں بھی خالی ہیں جن کو پُرکرنے کا عمل جاری ہے۔