سرنکوٹ//سرنکوٹ میں لوگوںنے زمین کی نشاندہی کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے محکمہ مال کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔اس دوران انہوںنے جموں پونچھ روڈ پر ٹائر جلائے اور گاڑیوں کی آمدورفت بھی بند کردی ۔ مظاہرین نے جہاں محکمہ مال کے خلا ف نعرے لگائے وہیں انہوںنے مقامی ایم ایل اے کو تنقید کانشانہ بنایا اورالزام لگایاکہ وہ اور ان کی پارٹی مخالف فریق کو حمایت کررہی ہے ۔یہ احتجاج جوگی موڑ کے مقام پر کیاگیا جس کی وجہ سے صبح کافی عرصہ تک روڈ بند رہی ۔مظاہرین کاکہناتھاکہ اس زمین کی نشاندہی نہ ہونے کیوجہ سے دو فریقین میں کافی دیر سے تنازعہ چل رہاہے جس کواسی صورت میں حل کیاجاسکتاہے جب اس کی نشاندہی ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ وہ اس سلسلے میں کئی بار محکمہ مال سے اپیل کرچکے ہیں لیکن نہ جانے محکمہ کوکیا پریشانی ہے جو نشاندہی نہیں کی جارہی ۔احتجاج کی خبرملنے پر ایس ایچ او سرنکوٹ موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے مظاہرین کویقین دلاکراپنے ساتھ سرنکوٹ لیا جہاں ایس ڈی ایم کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ان کے مطالبے کو پورا کرنے کایقین دلایاگیا۔