۔20 جولائی کو جنتر منتر میں نیشنل کانفرنس کا احتجاج ؔ تمام وزراء ، اراکین اسمبلی اور پارٹی قیادت شرکت کرے گی:نائب وزیر اعلیٰ
عظمیٰ نیوزسروس
جموں //جموں و کشمیر میں حقیقی معنوں میں اچھے دن اسی وقت آئیں گے جب خطے کو دوبارہ ریاستی درجہ بحال کیا جائے گا کی بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے کہا ہے کہ بے روزگاری اس وقت جموں و کشمیر کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکی ہے اور عوام کی خواہش ہے کہ مرکز جلد از جلد ریاستی درجہ بحال کرے۔جموں میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے کہا کہ آج جموں و کشمیر کے تقریباً ہر گھر میں ایک نہ ایک نوجوان بے روزگار ہے، جس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی درجہ بحال ہونے سے نہ صرف انتظامی نظام مضبوط ہوگا بلکہ ترقیاتی عمل کو بھی نئی رفتار ملے گی۔انہوں نے کہا ’’اچھے دن اسی وقت آئیں گے جب ریاستی درجہ بحال ہوگا۔ آج ہر گھر میں ایک بے روزگار نوجوان موجود ہے۔ ہمیں ہمارا ریاستی درجہ واپس دیا جائے، یہی جموں و کشمیر کے عوام کی آواز ہے‘‘۔نائب وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ نیشنل کانفرنس حکومت اپنے اس مطالبے سے کسی بھی صورت دستبردار نہیں ہوگی اور اس سلسلے میں عوامی و جمہوری سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے اعلان کیا کہ 20 جولائی کو نئی دہلی کے جنتَر منتَر میں نیشنل کانفرنس کی جانب سے ایک بڑا احتجاجی دھرنا دیا جائے گا، جس میں پارٹی کے تمام وزراء ، اراکین اسمبلی، سینئر رہنما اور کارکن شریک ہوں گے۔سریندر چودھری نے کہا کہ اس احتجاج کا مقصد مرکزی حکومت تک جموں و کشمیر کے عوام کا یہ واضح پیغام پہنچانا ہے کہ ریاستی درجے کی بحالی اب مزید مؤخر نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندے جنتَر منتَر پر پرامن احتجاج کرتے ہوئے ریاستی درجہ بحال کرنے کا مطالبہ دہرائیں گے۔