پونچھ// رکشا بندھن سے ایک روز پہلے پونچھ بازار میں چہل پہل رہی ۔اس دوران جہاں بہنوں نے رنگ برنگی راکھیاں خریدی وہی انہوں نے اپنے لئے ملبوسات اور سجنے سنورنے کا سازو سامان بھی خریدا۔ دوسری جانب بھائیوں نے بھی اپنی بہنوں کے لئے تحائف خریدے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کملیش کماری نامی ایک دوشیزہ نے کہا کہ رکشا بندھن کا تہوار ہندوستان کو دوسرے ممالک سے الگ کر دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں کی جانب سے یہ کچھ تہوار اس لئے شروع کئے گئے ہیں تاکہ بہن بھائیوں ،رشتہ داروں اور پڑوسیوں کے دلوں میں ایک دوسرے کا احترام ،درد،پیار اور محبت پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ رکشا بندھن پر بہن اپنے بھائی کے ہاتھ میں کچا دھاگہ باندھ کر ا سے اسکی ذمہ داریاں یاد دلاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس موقعہ پر تمام ملک کی عوام کو مبارک باد پیش کرتی ہیں۔اُدھر بڈھا امرناتھ چٹانی بابا کے مقام پر چھڑی یاترا کے بعد دوسرے روز میلے کے جیسا ماحول دیکھنے کو ملا۔اس دوران سینکڑوں عقیدت مندوں نے خطہ پیر پنچال اور دیگر علاقوں سے وہاں پہنچ کر چٹانی بابا کے درشن کئے۔واضح رہے کہ یہ سلسلہ اگلے دو روز تک مسلسل جاری رہے گا جس کے بعد چھڑی مبارک دوبارہ پونچھ اکھاڑا مندر میں واپس لائی جائے گی۔